ایران نے اپنے شہریوں کو واٹس ایپ ڈیلیٹ کرنے کا کہہ دیا، وجہ کیا ہے؟

0 minutes, 0 seconds Read

ایرانی ریاستی ٹیلی ویژن نے منگل کی دوپہر ایک بیان میں عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اسمارٹ فونز سے واٹس ایپ ایپلیکیشن ڈیلیٹ کردیں۔ سرکاری میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ میسیجنگ ایپ صارفین کی معلومات جمع کر کے اسرائیل کو بھیجتی ہے، تاہم اس الزام کے حق میں کوئی واضح ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

واٹس ایپ، جو ’Meta‘ کی ملکیت ہے، نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمیں تشویش ہے کہ یہ غلط اطلاعات ہمارے سروس کو بند کرنے کے لیے بہانہ بن سکتی ہیں، ایسے وقت میں جب لوگوں کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔‘

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ’صارفین کا درست مقام معلوم نہیں کرتی، نہ ہی اس بات کا ریکارڈ رکھتی ہے کہ کون کس سے بات کر رہا ہے، اور نہ ہی ذاتی پیغامات کو ٹریک کرتی ہے۔ ہم کسی بھی حکومت کو اجتماعی معلومات فراہم نہیں کرتے۔‘

واٹس ایپ پر اب سبسکرپشن فیس دینا ہوگی

واٹس ایپ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا استعمال کرتی ہے، جس کا مطلب ہے کہ پیغام صرف بھیجنے والے اور وصول کرنے والے کے درمیان رہتا ہے، اور درمیان میں موجود کوئی تیسرا فریق اس پیغام کو پڑھ نہیں سکتا۔

سائبر سیکیورٹی کے ماہر اور کارنل یونیورسٹی میں انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر گریگوری فالکو کے مطابق، اگرچہ پیغام کا مواد انکرپٹ ہوتا ہے، لیکن واٹس ایپ کے میٹا ڈیٹا کے بارے میں کچھ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں، جیسا کہ صارف کب اور کتنی بار ایپ استعمال کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور مسئلہ ’ڈیٹا خودمختاری‘ (Data Sovereignty) کا ہے۔ یعنی کسی ملک سے متعلقہ صارفین کا ڈیٹا اکثر اس ملک میں محفوظ نہیں کیا جاتا۔ ایران جیسے ممالک میں یہ خدشہ پایا جاتا ہے کہ ان کا ڈیٹا دیگر ممالک میں واقع ڈیٹا سینٹرز میں محفوظ ہو سکتا ہے۔

واٹس ایپ صارفین اب موبائل نمبر کے بجائے ’یوزر نیم‘ سے اکاؤنٹ بناسکیں گے

ایران میں سوشل میڈیا ایپس پر ماضی میں متعدد پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔ واٹس ایپ اور گوگل پلے کو 2022 میں اس وقت بند کر دیا گیا تھا جب ایک نوجوان خاتون کی پولیس حراست میں موت کے بعد ملک بھر میں مظاہرے ہوئے تھے۔ تاہم یہ پابندی گزشتہ سال کے آخر میں ختم کر دی گئی تھی۔

واٹس ایپ ایران میں انسٹاگرام اور ٹیلیگرام کے ساتھ سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپس میں شمار ہوتی رہی ہے، اور بہت سے صارفین وی پی اینز اور پراکسی سرورز کے ذریعے ان ایپس تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔

Similar Posts