این ڈی ایم اے نے 18 سے 22 جون تک مختلف علاقوں کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا

0 minutes, 0 seconds Read

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 18 سے 22 جون تک ممکنہ موسمی صورتحال اور مختلف علاقوں کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا۔

ایڈوائزری کے مطابق 18 سے 22 جون تک ملک کے اکثر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جنوبی پنجاب، سندھ، مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، سکھر، خیرپور اور نواب شاہ جبکہ جنوبی پنجاب میں بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، اور راجن پور کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

مشرقی بلوچستان میں سبی، نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی اور جعفرآباد جبکہ جنوبی خیبر پختونخوا میں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، اور بنوں کے علاقوں میں موسم گرم رہنے اور گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق عوام سے التماس ہے کہ گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پانی اور مشروبات پئیں، سایہ دار جگہوں پر رہیں، بچوں بزرگوں اور بیمار افراد کا خیال رکھیں، چھوٹے بچوں اور پالتو جانوروں کو کھڑی گاڑیوں میں اکیلا نہ چھوڑیں۔

ترجمان نے کہا کہ شدید دھوپ کے اوقات میں بیرونی سرگرمیوں سے گریز کریں، اگر دھوپ میں نکلنا نہایت ضروری ہو تو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔

ملک کے بیشتر حصوں میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہا

دوسری جانب ملک کے بیشتر حصوں میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہا، آج سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو، جیکب آباد اور نوکنڈی میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں پارہ 47 ڈگری کو چھو گیا۔

موہنجو داڑو، دالبندین، نواب شاہ، سبی، روہڑی میں پارہ 46 ڈگری جبکہ پڈعیدن، حیدرآباد، لاڑکانہ، میر پور خاص، سکھر اور ٹنڈو جام میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 41، کراچی میں 35، لاہور میں 39، پشاور میں 42 اور کوئٹہ میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Similar Posts