اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس

0 minutes, 0 seconds Read

اسلامی تعاون تنظیم کے تحت اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اہم اجلاس آج استنبول میں شروع ہو رہا ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز پر غور کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

اجلاس پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا، جبکہ اس سے قبل شرکاء کا روایتی گروپ فوٹو سیشن منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس کے افتتاحی سیشن سے ترک صدر رجب طیب اردوان خطاب کریں گے، جبکہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی کلیدی خطاب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر ایک خصوصی سیشن بھی آج ہی منعقد کیا جائے گا، جس میں موجودہ صورتحال پر مشترکہ مؤقف اپنانے کی کوشش کی جائے گی۔

پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کر رہے ہیں، جو اجلاس سے خطاب میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور مسلم اُمہ کو درپیش مسائل، فلسطین و کشمیر کی صورتحال، اسلاموفوبیا اور علاقائی تناؤ کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی ترجیحات واضح کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی سائیڈ لائنز پر اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں اسحاق ڈار کی سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک وزیر خارجہ حقان فدان سے ملاقاتیں شیڈول کی گئی ہیں۔

Similar Posts