قطری وزیراعظم کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات

0 minutes, 0 seconds Read

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی ہے جس میں ایران کی سرزمین پر جاری اسرائیلی حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق ملاقات میں شیخ محمد بن عبدالرحمٰن نے ’برادر اسلامی جمہوریہ ایران‘ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور اسے ایران کی خودمختاری اور سلامتی کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کی صریح پامالی قرار دیا۔

قطری وزارت خارجہ نے زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل کی فوری ضرورت ہے۔

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ اگر امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں فریق بنا، تو یہ پوری دنیا کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ادھراستنبول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ”امریکی فوج کا اس تنازع میں شامل ہونا نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی شدید خطرناک ہوگا۔“

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کسی تصادم کا خواہاں نہیں، لیکن اسرائیلی حملے بند کیے بغیر کوئی بات چیت ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ”تنازع پر بات صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب اسرائیل اپنی فوجی کارروائیاں مکمل طور پر بند کرے۔“

Similar Posts