’لازوال عشق‘ یوٹیوب پر نشر کیا جا رہا ہے اور اپنے غیر روایتی انداز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردعمل کا باعث بنا ہوا ہے۔ یہ شو ترکیہ کے ایک ولا میں ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں چار لڑکے اور چار لڑکیاں ایک ہی چھت کے نیچے ’اپنا ہمیشہ کا پیار‘ تلاش کرنے کے مشن میں شریک ہیں۔ پروگرام کی میزبانی معروف اداکارہ عائشہ عمر کر رہی ہیں۔
فضا علی نے ایک گفتگو کے دوران کہا کہ اب ڈیٹنگ اور فحاشی کو ایک مہذب انداز میں پیش کیا جا رہا ہے جیسے یہ کوئی عام بات ہو۔ ان کے مطابق، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ایسے شوز کے ذریعے نوجوان نسل کو غلط سمت میں متاثر کیا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ ان چیزوں کو دیکھ رہے ہیں، سیکھ رہے ہیں اور ان کی نقل کر رہے ہیں۔ “ہم اپنی بیٹیوں کو یہ سکھا رہے ہیں کہ وہ دوسروں کو بتائیں کہ ڈیٹ کیسے کی جاتی ہے، کیا یہ درست ہے؟ کیا اس سے عزت میں اضافہ ہوتا ہے؟”
فضا علی کے اس مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے سراہا ہے۔ عوام نے ان کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام پاکستانی معاشرے کی روایات اور اخلاقی اقدار کے خلاف ہیں۔