سندھ حکومت کی صوبے میں سیکیورٹی تھریٹس سے متعلق اہم ہدایات جاری

وزیر داخلہ سندھ کی زیر صدارت سیکیورٹی تھریٹس سے متعلق سندھ اسمبلی میں اعلی سطحی ہنگامی اجلاس ہوا جس میں موجودہ حالات میں صوبے بھر میں سیکیورٹی تھریٹس کو زیر بحث لایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کا اجلاس میں کہنا تھا کہ ماضی کے واقعات اور حادثات کے پیش نظر ہمیں سخت فیصلے کرنے ہونگے۔ ائیرپورٹ پر زیادہ رش کیوجہ سے سیکیورٹی کو فول پروف بنانا ہوگا۔۔

انہوں نے کہا کہ ائیرپورٹ پک اینڈ ڈراپ پر ایک سے دو افراد کی اجازت ہوگی۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے۔ پولیس کو قانون نافذ کرنیوالے تمام اداروں سے روابط کو مضبوط بنانا ہوگا۔ جائے حادثہ پر کوئیک ریسپانس کے لیئے جامع ایس او پی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حالات کے پیش نظر تمام صوبوں سے بہترین کوآرڈینیشن ہے۔ سندھ کی تمام جیلز میں تلاش ایپ ڈیوائس کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ اسنیپ چیکنگ،پکٹنگ کومبنگ آپریشن کے دوران تلاش ایپ ڈیوائس استعمال کی جائے جبکہ صوبائی سطح پر داخلی و خارجی پوائنٹس پر لیڈی سرچر کا ہونا لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔ نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ کرایہ داری نامہ پر ایکٹ کے مطابق عمل درآمد کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے اسٹیشن،بس ٹرمینلز،ٹرک اڈوں اور دیگر مال برداری کے مقامات پر کڑی نگرانی رکھی جائے۔

Similar Posts