قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ قطر میں صورتحال قابو میں ہے، قطر میں حالات زندگی معمول پر آگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فریقین امن کیلئےمذاکرات کی میز پر آئیں۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے 7 میزائلوں کو قطر کے فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے فضا میں ہی تباہ کر دیا، ترجمان کے مطابق ملک کی فضائی حدود اور سرزمین مکمل طور پر محفوظ ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ حملے کے بعد تمام ضروری حفاظتی اقدامات فوری طور پر نافذ کر دیے گئے ہیں اور ملک میں صورتحال قابو میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قطر میں تعلیمی اداروں کے امتحانات کو عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے تاہم زندگی تیزی سے معمول پر آ رہی ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے فریقین سے اپیل کی کہ وہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں اور امن کے لیے مذاکرات کی میز پر آئیں، ان کا کہنا تھا کہ قطر نے ہمیشہ عالمی سطح پر تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر ہمیشہ سے خطے میں ثالثی کے کردار پر یقین رکھتا ہے اور دنیا اس کے اس عزم سے بخوبی واقف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہی ثالثی کا جذبہ اس بات کو مزید تکلیف دہ بناتا ہے کہ قطر کو ایسے حملے کا سامنا کرنا پڑا، جسے ہم ”سرپرائز“ حملہ سمجھتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مصدقہ اطلاع تھی کہ العدید بیس پر حملہ ہوگا ہم نے فضائی حدود بند کی، میزائلوں کو العدید تک پہنچے سے پہلے ہی سمندر میں مار گرایا،ایران کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔