نیپرا نے صارفین کی شکایات پر کے الیکٹرک کو شو کاز نوٹس جاری کردیا

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں بلز کی ادائیگی کے باوجود طویل لوڈشیڈنگ پر ٹرانسفارمر کی بجائے فیڈر لیول پر لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟ نیپرا نے صارفین کی شکایات پر کے الیکٹرک کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔۔ نیپرا نے کہا جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

شہر قائد میں بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے والے صارفین کو بھی شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، جس پر نیپرا نے کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے اور صارفین کو بلاوجہ مشکلات میں ڈالا جا رہا ہے۔

نیپرا کے جاری کردہ شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے 2022 سے 2024 کے دوران کئی بار کے الیکٹرک کو خطوط ارسال کیے، جن میں ٹرانسفارمر کی بجائے فیڈر لیول پر کی جانے والی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے مسئلے کا کوئی ٹھوس حل نہیں پیش کیا گیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ ایک ہی دن میں کئی گھنٹے فیڈر لیول پر لوڈشیڈنگ کی گئی، جس سے وہ صارفین بھی متاثر ہوئے جو باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ ڈیفالٹرز کی آڑ میں بل ادا کرنے والوں کو سزا دینا ناانصافی ہے۔

کے الیکٹرک ہر بار محض رسمی جوابات دیتی رہی ہے اور ایک سال گزرنے کے باوجود کوئی موثر منصوبہ پیش نہیں کیا گیا۔ نیپرا نے اس رویے کو ”عدم مطابقت“ قرار دیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔

نیپرا نے واضح کیا ہے کہ اگر کے الیکٹرک کی جانب سے اطمینان بخش جواب نہ دیا گیا تو قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

Similar Posts