جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن؛ 11 دہشتگرد ہلاک، کارروائی میں پاک فوج کے 2 بہادر سپوت شہید

0 minutes, 0 seconds Read

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کیخلاف جنوبی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے 11بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ کارروائی میں 7 خوارج زخمی بھی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ”فتنہ الخوارج“ کے کارندے موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 11 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک جبکہ 7 دہشت گرد زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گئے۔ شہداء میں میجر سید معیز عباس شاہ (عمر 37 سال، ضلع چکوال کے رہائشی) اور لانس نائیک جبران اللہ (عمر 27 سال، ضلع بنوں کے رہائشی) شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر معیز شاہ شہید ایک دلیر اور نڈر افسر تھے، جنہوں نے ماضی میں بھی دہشت گردوں کے خلاف کئی کامیاب کارروائیوں کی قیادت کی۔ آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم پر قائم ہیں اور ہمارے جوانوں کی ایسی لازوال قربانیاں ہمارے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

Similar Posts