سینٹرل جیل خیرپور میں قیدی کا قتل: انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل، جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت 4 افسران معطل

0 minutes, 0 seconds Read

سینٹرل جیل خیرپور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک قیدی جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا اور 3 فرار ہوگئے، واقعے کی انکوائری کے لیے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جبکہ غفلت برتنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت 4 افسران کو معطل کردیا گیا۔

سینٹرل جیل خیرپور کے کچن ایریا میں واپس جیل جانے والی قیدی وین پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک قیدی موقع پر جان کی بازی ہار گیا جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پولیس کی بروقت جوابی فائرنگ سے ایک مسلح ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جاں بحق ہونے والے قیدی کی شناخت ہاشم رند کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والوں میں سکندر گوپانگ اور غلام علی رند شامل ہیں۔

جاں بحق اور زخمیوں کو سول اسپتال خیرپور منتقل کردیا گیا، گرفتار ملزم کی شناخت وہاب رند ولد رانجھن کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد ایس ایس ایس پی حسن سردار نیازی نے موقع پر پہنچ کر تحقیات شروع کردی جبکہ سینٹرل جیل کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا۔

سینٹرل جیل خیرپور میں قیدی کا قتل، انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل

دوسری جانب سینٹرل جیل خیرپور میں قیدی کے قتل کے واقعے کی انکوائری کے لیے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جبکہ غفلت برتنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت 4 افسران معطل ہوگئے۔

خیرپور کی سینٹرل جیل میں قیدی کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس پر جیل انتظامیہ اور سیکیورٹی نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھ گئے۔

واقعے کے بعد آئی جی جیل خانہ جات سندھ، فدا حسین مستوئی نے فوری طور پر سینٹرل جیل خیرپور کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔

آئی جی جیل نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دے دی، جو تمام پہلوؤں سے تفتیش کرے گی۔

فدا حسین مستوئی کا کہنا تھا کہ غفلت برتنے والے کسی بھی افسر یا اہلکار کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

واقعے میں مبینہ غفلت پر جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت 4 افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا جبکہ ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

آئی جی جیل نے کہا کہ قیدیوں کی جان و مال کا تحفظ جیل حکام کی اولین ذمہ داری ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابلِ قبول ہے۔

Similar Posts