یقین کرنا مشکل ہے، لیکن ایک نئی تحقیق کے مطابق جادوئی مشرومز (Magic Mushrooms) کی ایک ہی خوراک سے کینسر کے مریضوں میں ڈپریشن اور بےچینی کی حالت میں پانچ سال تک بہتری آ سکتی ہے۔
حالیہ سائنسی تحقیق سے یہ حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے کہ جادوئی مشروم میں پایا جانے والا ایک قدرتی مرکب ’سائلوسائبن‘ (Psilocybin) صرف ایک بار کی خوراک میں کینسر کے مریضوں میں ڈپریشن اور بےچینی کو دو سال یا اس سے زیادہ عرصے تک ختم کر سکتا ہے۔ ’سائلوسائبن‘ مادہ ایک خاص قسم کی تھراپی کے ساتھ مل کر کینسر کے مریضوں کے ذہنی دباؤ اور افسردگی کو کافی حد تک کم کر سکتا ہے۔
اگر مزید تحقیقات سے بھی ایسے ہی نتائج حاصل ہوئے تو یہ علاج مستقبل میں نفسیاتی دباؤ کا سامنا کرنے والے مریضوں کے لیے ایک نئی امید بن سکتا ہے۔
اچھی صحت خدا کا ایک انمول تحفہ ہے اس کی حفاظت کیسے کریں
تحقیق میں 28 ایسے کینسر کے مریض شامل تھے جنہیں شدید ڈپریشن تھا۔ انہیں تھراپسٹ کی مدد سے ایک بار 25 ملی گرام ’سائلوسائبن‘ دی گئی۔ اس کے بعد دو سال تک مریضوں کا جائزہ لیا گیا تو دیکھا گیا کہ تقریباً نصف مریضوں کی ڈپریشن میں بہتری ہوئی، اور ان میں سے کئی مریض مکمل طور پر ڈپریشن سے باہر آ گئے۔ بےچینی کی علامات بھی بہت کم ہو گئی تھیں۔
تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر منیش اگراوال نے کہا کہ اگر مزید تجربات میں یہی نتائج آئیں، تو یہ طریقہ علاج کینسر کے مریضوں کی ذہنی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
اب محققین اس تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے زیادہ مریضوں اور زیادہ خوراک کے ساتھ نئے تجربات کر رہے ہیں تاکہ یہ علاج زیادہ لوگوں کی مدد کر سکے۔ یعنی جادوئی مشرومز اور تھراپی کا ملاپ کینسر کے مریضوں میں ڈپریشن اور بےچینی کا علاج کرنے کا ایک نیا اور موثر طریقہ بن سکتا ہے۔
دن کی کامیابی کا راز، روزانہ صحت بخش ناشتے کی اہمیت اور فوائد جانیں
اس تحقیق میں دو سال بعد جب مریضوں کے انٹرویوز کیے گئے تو معلوم ہوا کہ 53.6 فیصد مریضوں میں ڈپریشن میں واضح کمی آئی۔ 50 فیصد مریضوں نے نہ صرف بہتری محسوس کی بلکہ ان میں مکمل طور پر ڈپریشن کی حالت ختم ہو گئی۔ اسی طرح، 42.9 فیصد مریضوں کی بےچینی یا انزائیٹی میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
اس وقت سائنسدان ایک نئی رینڈمائزڈ، ڈبل بلائنڈ تحقیق پر کام کر رہے ہیں، جس میں زیادہ تعداد میں مریضوں کو شامل کیا جا رہا ہے اور بعض مریضوں کو ’پلیسبو‘ دی جائے گی، تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ نتائج واقعی سائلوسائبن کی بدولت ہیں۔
اس کے علاوہ اب دو خوراکیں آزما کر دیکھا جا رہا ہے کہ زیادہ تر مریضوں کو مکمل طور پر بیماری سے نجات دلائی جا سکتی ہے یا نہیں۔