ضلع کرم کی تحصیل اپر کرم کے علاقے پیواڑ شرم خیل میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں چار افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ افراد لکڑی لانے کے لیے پہاڑی علاقے کی طرف جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب متاثرہ افراد پہاڑ کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں نصب بارودی سرنگیں پھٹ گئیں۔ زخمیوں نے بھی تصدیق کی کہ وہ روزمرہ کے معمول کے مطابق لکڑیاں لانے جا رہے تھے جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) اور دیگر متعلقہ ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او حبیب اللہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔
راولپنڈی سے بلیک میلنگ میں ملوث بہن بھائی گرفتار
علاقہ عمائدین نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اس دہشتگرد کارروائی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ علاقے کے امن کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے بھی واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے امن عمل کو ثبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔