ہنزہ میں گلیشیئر پگھلنے سے ندی نالوں کی سطح میں اضافہ ہو گیا، عطا آباد جھیل میں داخل ہونے والے نالے میں طغیانی کے باعث پانی نجی ہوٹل کے احاطے میں داخل ہو گیا۔
ہنزہ میں گلیشیئر کے پگھلنے سے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا، جس کے باعث عطا آباد جھیل میں داخل ہونے والے نالے میں شدید طغیانی آ گئی۔
طغیانی کے باعث جھیل کے قریب قائم ایک نجی ہوٹل کے احاطے میں پانی داخل ہوگیا، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ سیاحوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مزید بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے کے امکانات کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
مقامی افراد اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور جھیل کے اطراف غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔