کراچی سمیت سندھ بھر میں یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی جبکہ 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہوگی، دوسری جانب حکومت سندھ نے محرم الحرام میں سخت سیکیورٹی ہدایات بھی جاری کردیں، بغیر اجازت جلوس، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز تقاریر پر مکمل پابندی عائدی کردی گئی، محرم الحرام کے جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس لازمی لینا ہوگی۔
یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان
سندھ حکومت نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے پیش نظر صوبے بھر میں یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کردیا، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران اسلحہ لے کر چلنے کے تمام اجازت نامے معطل رہیں گے جبکہ 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
اس کے علاوہ بغیر اجازت ڈرون یا ہیلی کیم کے استعمال پر بھی سخت پابندی ہوگی، خصوصاً جلسوں اور ریلیوں کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر بھی پابندی کا اطلاق ہوگا۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات عوام کے تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکومت سندھ کی محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی ہدایات جاری
دوسری جانب حکومت سندھ نے محرم الحرام 2025 کے لیے سیکیورٹی ہدایات جاری کردی، جس کے مطابق بغیر اجازت جلوس، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز تقاریر پر مکمل پابندی عائد کردی گئی جبکہ محرم جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس کے بغیر اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اشتعال انگیز آڈیو ویڈیو مواد کی خرید و فروخت پر سخت پابندی عائد کردی گئی، مقررین کی تقاریر حکومت سندھ کی اجازت سے مشروط ہوگی۔
محرم کے جلوسوں میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا، جلوسوں کے راستوں پر ہوٹل، مارکیٹس اور عمارتوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی، اسپتالوں کو ہائی الرٹ، ایمبولینس اور فائر ٹینڈرز کی دستیابی لازمی قرار دے دی گئی۔
حساس امام بارگاہوں، مساجد پر فل پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، سیکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز اور لیڈیز اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔
جلوسوں کے راستوں پر جمرز لگانے اور ڈرون سرویلنس کی ہدایات جاری کی گئی، جلوسوں کے روٹس کو سویپ کرکے سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شرپسند عناصر پر کڑی نظر، فورتھ شیڈول افراد کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ محرم کے دوران صرف نامزد افسران ہی میڈیا سے بات کریں گے، امن کمیٹیوں کو فعال کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔