فیلڈ مارشل عاصم منیر اچھے انسان اور متاثر کن شخصیت کے مالک ہیں، صدر ٹرمپ

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فیلڈ مارشل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اچھے انسان اور متاثر کن شخصیت کے مالک ہیں۔ نیٹو سمٹ سے خطاب میں انھوں نے کہا پاک بھارت جنگ نہ رکواتے تو جوہری تنازع ہو سکتا تھا، پاکستان اور بھارت کو تجارت کا پیغام دیا، مودی پرواضح کیا جنگ کرو گے تو تجارت نہیں کریں گے

ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق اگر وہ مداخلت نہ کرتے تو دونوں جوہری ممالک کے درمیان کشیدگی جنگ میں بدل سکتی تھی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات، تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو

ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کی قیادت سے براہِ راست بات کی اور پیغام دیا کہ “ اگر آپ جنگ کریں گے تو کوئی تجارتی ڈیل نہیں ہوگی۔“

صدر ٹرمپ کے مطابق اس پیغام کا اثر ہوا اور دونوں ممالک نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ ”پاکستانی آرمی چیف میرے دفتر آئے تھے“

ٹرمپ نے بتایا کہ پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر گزشتہ ہفتے ان کے دفتر آئے تھے ، ”فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک اچھے اور متاثر کن انسان ہیں۔ انہوں نے صورتحال کو سمجھا اور مثبت رویہ اختیار کیا۔“

صدر ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ”میں نے مودی سے کہا کہ اگر جنگ کی تو کوئی تجارتی معاہدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے جواب دیا کہ وہ تجارت چاہتے ہیں، نیوکلیئر جنگ نہیں۔“

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکہ میں پذیرائی: بھارت کا گھبراہٹ پر مبنی ردعمل

صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ اگلے ہفتے بات چیت متوقع ہے اور ممکن ہے کہ کوئی معاہدہ طے پا جائے گا ”ہم تیار ہیں، اگر ایران بھی سنجیدہ ہوا تو معاہدے پر دستخط ہو سکتے ہیں۔“

صدر ٹرمپ نے یوکرین کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے اینٹی میزائل سسٹم فراہم کرنے پر بھی غور کرنے کا اشارہ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ”اسرائیل کو جو اینٹی میزائل سسٹم دیا، وہ بہت مؤثر ثابت ہوا۔ ہم دیکھیں گے کہ یوکرین کو بھی یہ سہولت دی جا سکتی ہے یا نہیں۔“

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی تھی اور ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا تھا۔ ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے پیچیدہ علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی تھی۔

انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، انہیں بھارت کے خلاف جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کیلئے مدعو کیا تھا۔

Similar Posts