پنجاب میں بارش اور آندھی : حادثات میں 7 جاں بحق، 12 زخمی

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں چار بچوں سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ تین خواتین اور دو بچیوں سمیت بارہ افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایک لوڈر رکشہ بارش کے باعث پھسل کر نالے میں جا گرا، جہاں ریسکیو ٹیم نے چھ افراد کو بروقت بچا لیا۔ بہاولنگر میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے چار سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔چونیاں میں بھی چھت گرنے کے حادثے میں دو کمسن بچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں،ملتان میں بوسن روڈ کے قریب آندھی سے گھر کی دیوار گرنے سے تین خواتین ملبے تلے دب کر زخمی ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب کے کئی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مریم نواز کا لاہور میں بارش کے دوران شہر کا ہنگامی دورہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے گلبرگ، قذافی اسٹیڈیم، ظہوراللہی روڈ اور مین مارکیٹ میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

چیف سیکریٹری اور واسا حکام نے وزیراعلیٰ کو نکاسی آب اور سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

مریم نواز نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف نکاسی آب کا پائیدار سسٹم قابل تحسین ہے۔ بارش کے پانی کا نکاس بروقت اور مؤثر انداز میں جاری ہے.

وزیراعلیٰ نے ٹف ٹائلز، پیور تنصیب، رہائشی و کمرشل علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے پر بھی موقع پر جائزہ لیا۔

Similar Posts