انہوں نے کہا کہ طویل تنازع کے بعد امن معاہدے پر عملدرآمد ایک پیچیدہ مرحلہ ہوتا ہے، تاہم کولمبیا اس حوالے سے پیش رفت کر رہا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔
پاکستان نے اقوامِ متحدہ کے تصدیقی مشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کولمبیا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ امن معاہدے پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد ہی اُن علاقوں میں استحکام لا سکتا ہے جہاں اب بھی سکیورٹی چیلنجز موجود ہیں، اور یہی عمل عوام کے اعتماد کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے سابق جنگجوؤں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے، متاثرہ افراد کی بحالی، اور سکیورٹی اقدامات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ پاکستان نے حالیہ پارلیمانی انتخابات کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ صدارتی انتخابات بھی پرامن اور شفاف انداز میں منعقد ہوں گے۔
دوسری جانب، پاکستان نے مسلح گروہوں کی جانب سے تشدد اور حملوں، خصوصاً سابق جنگجوؤں اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تشدد ترک کریں، قانون کی پاسداری کریں اور امن عمل کو آگے بڑھائیں۔