ایس ایچ او گڑھی شاہو، سہیل احمد کی قیادت میں پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 منچلے ون ویلرز کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان علی حسن اور زین ون ویلنگ کی ویڈیوز بناتے اور انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے تھے۔
یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں، جس کے بعد ایس پی چوہدری اثر علی نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ دونوں ملزمان کو علامہ اقبال روڈ سے گرفتار کیا گیا۔
ایس پی چوہدری اثر علی نے کہا کہ شارع عام پر ون ویلنگ کرنے والے ان افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا جو معصوم شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ون ویلنگ جیسے خونی کھیل میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
ایس پی سِول لائنز نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک کھیل سے دور رکھیں تاکہ نہ صرف ان کی بلکہ دوسروں کی جان کو بھی خطرے سے بچایا جا سکے۔
گڑھی شاہو پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، اور اس قسم کی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔