وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل سے تنازع میں پاکستان نے بھرپور اور مستقل انداز میں ایران کی حمایت کی، ایران نے صدر زرداری، میرا اور فیلڈ مارشل کا نام لے کرشکریہ ادا کیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بہت محنت کی گئی، اس پر وزیرخزانہ کا شکریہ اد اکرتا ہوں، نائب وزیر اعظم، حلیف جماعتوں کی بجٹ میں کاوشیں قابل ستائش ہیں، اس حوالے سے صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا بھی شکرگزار ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ کو قومی اسمبلی سے منظور کرانے کے لیے اسی تندہی سے کام کریں تاکہ یہ بجٹ کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچے اور ہم یکم جولائی سے معیشت کو بہتر بنانے کی کوششوں میں جت جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا فضل و کرم ہے کہ اسرائیل، ایران کی جنگ بند ہوگئی ہے، اس حوالے سے چند حقائق پیش کرنا چاہتا ہوں، تاریخ میں پہلی مرتبہ ایران نے پاکستان کا، اس کی سیاسی و عسکری قیادت، سیاسی جماعتوں اور عوام کا جس کھلے انداز میں کھلے انداز میں شکریہ ادا کیا، اس کی عصر حاضر میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھرپور اور مستقل انداز میں ایران کی حمایت کی، ایران نے نام لے کر صدر آصف زرداری، میرا، فیلڈ مارشل عاصم منیر، سیاسی جماعتوں اور عوام کا نام لے کر شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے فیلڈ مارشل کی امریکی صدر سے ظہرانے پر ملاقات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ میں بہت متاثر ہوا، صدر ٹرمپ نے آج بھی کھلے الفاظ میں کہا وہ فیلڈ مارشل سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ استنبول میں فیلڈ مارشل کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ڈیڑھ گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان (جنگ رکوانے کیلئے) کیا کیا کاوشیں کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی صدر نے مجھے اور اسحاق ڈار سے کہا کہ حملہ ہم نے نہیں اسرائیل نے کیا ہے، ہم اپنا دفاع کر رہے ہیں، اسرائیل حملہ بند کرے تو ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے جنگ بند کرائی، اللہ کا شکر ہے کہ جنگ بند ہوگئی کیونکہ اس کا پورے خطے ہی نہیں بلکہ دنیا کو بھی بے پناہ نقصان ہونا تھا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایرانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بڑی جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا، جھکے نہیں، نہ دباؤ قبول کیا اور جنگ باوقار طریقے سے ختم کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قطر پر حملے کے خلاف بھی بھرپور مذمتی بیان جاری کیا، قطر ہمارا برادر ملک ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میری سعودی ولی عہد سے بھی بات ہوئی، سعودی عرب نے بھی جنگ رکوانے میں اہم کردار ادا کیا اور جونہی اسرائیل نے حملہ کیا تو سعودی عرب نے بھرپور مذمتی بیان جاری کیا اور ولی عہد نے ایران کے صدر سے بھی بات کی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ امریکی صدر سے ملاقات کے بعد آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی استنبول میں ایرانی وزیرِخارجہ سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے فیلڈ مارشل کی کھلے دل سے تعریف کی اور صدر ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔