محکمہ موسمیات کی پیشگوئی سچ ثابت، کراچی میں بادل برس پڑے

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں آخر کار محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سچ ثابت ہوئی جہاں بادل برس پڑے، شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ کئی شاہراہوں پر موٹرسائیکل سوار پر سلپ ہوگئے۔

کراچی کے مضافاتی علاقوں سے آج رات سے ہی بادل برسنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، گلشن حدید ، کاٹھور ، اسٹیل ٹاؤن میں موسلادھار بارش ہوئی۔

گڈاپ ٹاؤن اور ایم نائن موٹر وے پر تیز بارش ہوئی، صفورہ گوٹھ، گلستان جوہر اور گلشن معمار میں بھی جل تھل ایک ہوگیا۔ اس کے علاوہ سپرہائی وے اور سہراب گوٹھ میں بارش کے بعد حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

شہر کے مختلف علاقوں ناظم آباد، ڈیفنس، کلفٹن، کالا پل، بزرٹہ لائن میں تیز بارش ہوئی جبکہ ملیر میں بارش سے گلیوں میں پانی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔

بارش کے ساتھ ہی مختلف شاہراہوں پر کئی موٹر سائیکل سوار سلپ ہوگئے جبکہ کے الیکٹرک نے بھی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کردی۔

خیال رہے کہ کراچی میں مون سون سسٹم کے زیر اثر جمعہ سے اتوار کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

میٹرولوجسٹ انجم نذیر کے مطابق ہفتےکو تیزبارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ شہر میں اتوار کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنےکا امکان ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی گجرات میں ہواکاکم دباؤ موجود ہے، ہواکاکم دباؤ آئندہ دنوں سندھ میں بارش کا باعث بنے گا، بارش کی وجہ سے سندھ کے بیشترشہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

Similar Posts