حج 2026 کے لیے لازمی رجسٹریشن کا آغاز

0 minutes, 0 seconds Read

وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے عازمین کی لازمی رجسٹریشن کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جو ملک بھر میں 9 جولائی 2025 تک جاری رہے گی۔ اس مرتبہ حج پر جانے کے خواہشمند افراد کو قبل از وقت رجسٹریشن کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے لیے رجسٹریشن کا عمل یکساں ہوگا، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی رجسٹریشن کرانا ضروری ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ صرف وہی افراد حج 2026 کے لیے اہل قرار پائیں گے جنہوں نے مقررہ مدت میں رجسٹریشن مکمل کی ہوگی۔

وزارت نے وضاحت کی ہے کہ رجسٹریشن کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی۔ یہ عمل ملک بھر کے 15 منظور شدہ بینکوں کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ رجسٹریشن مکمل کرنے والے عازمین بعد میں اپنی پسند کی سرکاری یا نجی حج اسکیم منتخب کر سکیں گے۔

حج 2025 میں پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج پر نہ جا سکنے والے افراد کے لیے بھی اس بار رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2026 کے اخراجات، سہولیات اور دیگر شرائط و ضوابط آئندہ جاری کی جانے والی حج پالیسی کے تحت الگ سے جاری کیے جائیں گے۔

رجسٹریشن کا یہ عمل حکومتِ سعودی عرب کی ہدایات پر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پاکستان کی حکومت سعودی حکام کو اعداد و شمار فراہم کرے گی تاکہ حج 2026 کے لیے پاکستان کا کوٹہ مقرر کیا جا سکے۔

Similar Posts