حسن احمد ایک اداکار اور ماڈل ہیں جنہیں شائقین زبردست اداکاری اور کرداروں کی وجہ سے پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے سپر ماڈل اور اداکارہ سنیتا مارشل سے شادی کی ہے اور ان کے جوڑے کو بھی مداحوں کی طرف سے ہمیشہ پیار اور محبت ملتی ہے۔
حال ہی میں وہ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں مدعو کیے گئے تھے جہاں انہوں نے اپنی زندگی، ناکامیوں اور ذہنی صحت کی جدوجہد کے بارے میں بات کی۔
حسن احمد پہلے بھی بتا چکے ہیں کہ انہیں کیسے اغوا کیا گیا تھا۔ یہ واقعہ ان کے اور ان کے خاندان کے لیے بہت مشکل وقت تھا کیونکہ انہیں 35 دنوں تک اغوا کرکے رکھا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جس طرح سے انہیں اندھیرے میں رکھا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انہیں جس طرح بچایا، یہ ان کی زندگی کا بہت ہی سخت تجربہ تھا۔ اس صدمے سے نکلنے میں انہیں وقت لگا تھا۔
اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اغواکاری کے دنوں میں محسوس کیا کہ شاید انہوں نے اپنی زندگی میں کچھ غلط کیا ہے تبھی یہ سب کچھ ہورہا ہے۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ اگر وہ یہاں سے بچ گئے تو باہر سب سے معافی مانگیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ذہنی حالت اتنی نازک تھی کہ گھر جاتے ہی انہوں نے سب کے قدم چھوتے ہوئے معافی مانگی۔ انہوں نے یہ کام گھر میں کام کرنے والوں کے ساتھ بھی کیا۔ ان کے ذہن پر بہت زیادہ منفی اثر پڑا اور اس سے صحت یاب ہونے میں انہیں کچھ وقت لگا تھا۔