میر علی میں بھارتی اسپانسرڈ خوارج کا بزدلانہ وار، 13جوان شہید، 14 دہشتگرد مارے گئے

0 minutes, 0 seconds Read

آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی میں بھارتی اسپانسرڈ خارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی قافلے میں ٹکرا دی۔ خودکش حملے میں 13 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، المناک اور وحشیانہ حملے میں 3 شہری بھی شدید زخمی ہوئے، زخمیوں میں 2 بچے اور 1 خاتون شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خارجی دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا۔ یہ حملہ بھارت کی منصوبہ بندی اور سرپرستی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے سامنے دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی، تاہم قافلے کے لیڈنگ گروپ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس ناپاک منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

اس پر مایوس ہو کر دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی قافلے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں 13 بہادر سپاہی شہید ہوگئے۔ شہدا میں صوبیدار زاہد اقبال، حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف، نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیر احمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز، اور سپاہی منظر علی شامل ہیں۔ شہداء کا تعلق خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب سے ہے۔

آئی ایس پے آر کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران خارجی دہشت گردوں کا تعاقب کیا گیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوابی کارروائی میں 14 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں آپریشنز بدستور جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے ڈٹی ہوئی ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Similar Posts