کراچی کے علاقے لیاری موسیٰ لین میں کوثر مسجد کے قریب واقع مکان کی چھت گر گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر بچی جاں بحق ہو گئی، ریسکیوذرائع نے بتایا ہے کہ ملبے تلے دب کر خاتون سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے بچی کی لاش اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
حادثہ کوثر مسجد کے قریب پیش آیا جہاں عمارت کے ایک فلور کی چھت اچانک منہدم ہو گئی۔ اہل علاقہ اور ریسکیو اداروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں، حادثے میں گھر کے دیگر زخمی افراد کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق گرنے والی عمارت کی عمر 30 سے 35 سال بتائی جاتی ہے۔ جائے حادثہ پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے جیسی آواز سنائی دی، جس کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور مکینوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ علاقے کی دیگر عمارات کا بھی سروے اور تکنیکی معائنہ شروع کر دیا گیا ہے۔