سندھ امپلائز الائنس کے سندھ حکومت سے مذاکرات ناکام

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کرنے والے سندھ امپلائز الائنس کے صوبائی حکومت سے مذاکرات ناکام ہوگئے، مظاہرین کی ریڈزون جانے کی کوشش لیکن پولیس نے مظاہرین کو فوارہ چوک پر روک لیا، پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ ،واٹر کینن کے استعمال سے 7 اساتذہ زخمی ہوگئے۔

کراچی پریس کلب کے باہر سندھ ایمپلائز الائنس کے احتجاجی مظاہرین کو ریڈ زون جانے سے روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ہماری تنخواہوں میں پنشنز میں 70 فیصد اضافہ کیا جائے جب کہ مظاہرین نے پلے کارڈز بھی اٹھارکھے ہیں۔

احتجاجی مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج شروع کردیا اور متعدد مظہرین کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کوریڈزون جانےکی اجازت نہیں دی جائے گی، اس دوران مظاہرین کو روکنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا گیا جب کہ پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔

پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا، جبکہ موقع پر قیدی وین پہنچا دی گئی۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان کئی گھنٹوں تک کشیدگی برقرار رہی، جس سے شہر کے اہم علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔

مزید اطلاعات کے مطابق، سندھ امپلائز الائنس کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات نہ مانے تو احتجاج کا دائرہ کار پورے سندھ تک پھیلا دیا جائے گا۔

Similar Posts