اسرائیلی فضائی حملوں سے تباہ حال غزہ میں ایک ہولناک منظر اُس وقت کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگیا جب ایک فلسطینی نوجوان سائیکل سوار فضائی بمباری کے دوران بال بال بچ گیا۔ الجزیرہ نے واقعے کی ویڈیو جاری کردی، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان غزہ کے علاقے ابو اسکندر کی ایک سڑک پر سائیکل چلا رہا ہے کہ اچانک پیچھے واقع ایک عمارت پر اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے حملہ کیا جاتا ہے۔
حملے کے بعد زور دار دھماکہ، ملبہ، گرد و غبار اور دھواں فضا میں پھیل جاتا ہے، جبکہ نوجوان بڑی مہارت اور ہوش مندی سے اپنی سائیکل کو تیز رفتاری سے آگے بڑھاتے ہوئے حملے کی زد میں آنے سے بچ نکلتا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ کسی مبینہ عسکری ہدف پر کیا گیا تھا، لیکن اردگرد موجود شہری بھی شدید خطرے میں آ گئے۔