سانحہ سوات: دریا میں طغیانی کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے آئی، محکمہ آبپاشی کے انجینئیر کا انکشاف

0 minutes, 0 seconds Read

سوات میں سیلابی صورتحال کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔ ایگزیکٹو انجینئر محکمہ آبپاشی نے تحقیقاتی کمیٹی میں جمع کرائے گئے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ 27 جون کو بحرین اور اس کے اطراف کے پہاڑی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ ہوا جس کے نتیجے میں دریائے سوات میں طغیانی پیدا ہوئی۔

جواب میں بتایا گیا کہ خوازہ خیلہ کے مقام پر گیمن بریج پر سیلابی کیفیت صبح 9 بج کر 30 منٹ پر پیدا ہوئی، جب کلاؤڈ برسٹ سے پہاڑوں سے بڑی مقدار میں مٹی اور پتھروں سے بھرا پانی دریائے سوات میں داخل ہوا۔

ایگزیکٹو انجینئر کے مطابق، اچانک آنے والے پانی کے تیز بہاؤ سے دریا کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 بجے کے بعد مختلف نالوں کا پانی بھی دریا میں شامل ہو گیا، جس نے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا۔

محکمہ آبپاشی کی جانب سے یہ رپورٹ سیلاب کے وقت بروقت انتباہ جاری کرنے اور انتظامی ردعمل کے حوالے سے جاری بحث کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سیلابی ریلے نے کئی قیمتی جانیں لے لیں اور املاک کو نقصان پہنچایا، جبکہ مقامی انتظامیہ پر بروقت کارروائی نہ کرنے کا الزام بھی لگایا جا رہا ہے۔

Similar Posts