خیبرپختونخوا میں سیاسی بیانیے اور میڈیا مہمات کے حوالے سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنی سوشل میڈیا ٹیم کی سخت کلاس لے لی۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا سے منسلک ٹیموں کے ساتھ ایک اہم اور اندرونی اجلاس میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور ان کی کارکردگی پر ناپسندیدگی ظاہر کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے شکوہ کیا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مسلسل پراپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے، لیکن ان کی اپنی سوشل میڈیا ٹیم اس کا مؤثر جواب دینے میں ناکام ہے۔
وزیراعلیٰ نے استفسار کیا کہ لاکھوں روپے تنخواہیں لینے کے باوجود ان کی ٹیم بیانیہ تیار کرنے میں کیوں ناکام ہے؟ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے مؤقف کو ہر گھر تک پہنچایا جانا چاہیے، اور اس میں سستی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
علی امین گنڈاپور نے سوشل میڈیا ٹیموں کو واضح ہدایت دی کہ حکومت کے بیانیے کو فعال انداز میں فروغ دیں اور جاری پراپیگنڈے کا مؤثر انداز میں جواب دیں۔ اجلاس میں بعض افسران کو تنبیہ بھی جاری کی گئی۔