راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ان کی 2 بہنوں نورین نیازی اور عظمی خان نے ملاقات کی جبکہ علیمہ خان کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، جس میں ملکی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج فیملی اور وکلا کی ملاقات کا روز ہے، جہاں عمران خان سے 2 بہنوں نے ملاقات کی، جن میں ڈاکٹر عظمی خان اور نورین نیازی شامل تھیں جبکہ علیمہ خان کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔
ڈاکٹر عظمی خان اور نورین نیازی کی ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی جبکہ ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئیں۔
اس سے قبل راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بچھڑ بھی پہنچے تھے جبکہ پولیس نے وکلا اور فیملی کو گورکھپور ناکے پر روکے رکھا تھا۔
ملک احمد خان کی عمران خان سے ملاقات، ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، جس میں ملکی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پنجاب اسمبلی میں معطل اراکین کا معاملہ زیر بحث رہا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان کو پنجاب اسمبلی میں احتجاج کی ہدایت کردی۔
عمران خان نے 10 محرم کے بعد پارٹی کو احتجاجی تحریک شروع کرنے کا حکم دے دیا جبکہ تمام اراکین پنجاب اسمبلی کو اسمبلی کے باہر اپنی اسمبلی لگانے کی ہدایات بھی جاری کردیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جب تک اراکین اسمبلی میں بحال نہیں ہوتے اپنی باہر اسمبلی لگائیں، عوام کی نمائندگی کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں۔