سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے صوبے کے بے روزگارنوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری سنا دی۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ حکومت سندھ جلد ہی چار ہزار چار سو نئے اساتذہ کی بھرتی کرے گی، جب کہ چار نئے آئی بی اے کمیونٹی کالجز کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آئندہ سہ ماہی سے صوبے کے 34 ہزار سرکاری اسکولوں کو مالی خودمختاری دی جائے گی تاکہ تعلیمی معیار اور اسکول مینجمنٹ میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت سندھ صحت کے شعبے میں بھی بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ ایس آئی یو ٹی، پی پی ایچ آئی، این آئی سی وی ڈی، اور چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال کی توسیع کے ساتھ ساتھ ایمبولینس سروسز کو اپ گریڈ کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز ریلیز کیے جا رہے ہیں۔
سینئر وزیر کے مطابق کراچی کے لیے مختص خصوصی ترقیاتی پیکج کے تحت سڑکوں، پانی، سیوریج اور ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر جلد کام شروع ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پچاس الیکٹرک بسوں کے بعد مزید 100 الیکٹرک بسیں اگست تک سڑکوں پر لائی جائیں گی۔
شرجیل میمن نے یہ بھی بتایا کہ بینظیر ہاری کارڈ کے تحت دو لاکھ کسانوں کو مرحلہ وار سبسڈی دی جائے گی، جب کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔