بھارت میں پاکستانی یوٹیوب چینلز اور فنکاروں پر عائد کی گئی پابندی اچانک ختم کردی گئی ہے، جس کے بعد بھارتی ناظرین کی ایک بار پھر پاکستانی مواد تک رسائی ممکن ہوگئی۔ بھارتی حکومت کے اس غیر متوقع اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کی ایک نئی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستانی یوٹیوبرز، اداکاروں اور فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی عائد کردی تھی، جس کے بعد فواد خان، ہانیہ عامر، احد رضا میر اور دیگر نامور شخصیات کے اکاؤنٹس بھارتی صارفین کے لیے بند ہو گئے تھے۔ اس دوران پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی بھارت میں ریلیز پر بھی غیر اعلانیہ پابندی نافذ رہی۔
پاکستانی فنکاروں کا پاکستان مخالف بھارتی پراپیگنڈے پر سخت موقف
تاہم اب حکومت نے بغیر کسی سرکاری اعلان کے یہ پابندیاں ختم کرتے ہوئے یوٹیوب چینلز اور بعض فنکاروں کے اکاؤنٹس بحال کر دیے ہیں۔ اس اقدام کو بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
بھارتی مداحوں نے سوشل میڈیا پر پاکستانی فنکاروں کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’’پہلا قدم دلجیت دوسانجھ نے اٹھایا، اب سب اس راہ پر چل رہے ہیں۔‘‘ ایک اور تبصرہ آیا، ’’پابندی کا خاتمہ اچھا فیصلہ ہے، مگر پاکستانی انڈسٹری کو مزید معیاری مواد پر کام کرنا ہوگا۔‘‘
بھارت کے بعد پاکستان میں بھی ’عبیر گلال‘ پرپابندی لگ گئی
فلم صنم تیری قسم سے ہندوستان میں دل جیتنے والی ماورا حسین کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی واپسی پر اُن کے مداحوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔
ایک صارف نے لکھا کہ آخرکار ماورا ہندوستان واپس آ گئیں۔ جبکہ دوسرے نے کہا کہ سرُو، ہم نے تمہیں بہت مس کیا۔
جن پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی بھارتی صارفین کے لیے بحال ہوئی ہے ان میں دانش تیمور، احد رضا میر، ماورا حسین اور یمنیٰ زیدی شامل ہیں۔
دوسری جانب، ماہرہ خان، فواد خان، وہاج علی، اقرا عزیز، ہانیہ عامر اور فرحان سعید کے اکاؤنٹس بدستور بند ہیں، جس پر کئی بھارتی صارفین نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔