مذاکرات کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے، شاہ محمود قریشی

0 minutes, 0 seconds Read

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مزاحمت اور مذاکرات ساتھ ساتھ چلیں گے جس کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے، ہماری بات کا جواب نہ آئے تو پھر احتجاج کا آپشن ہی بچتا ہے۔ دو سال بعد کوٹ لکھپت جیل کے اسیروں کی متفقہ رائے ہے کہ مذاکرات ہونے چاہیں.

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کوٹ لکھپت جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمت اور مذاکرات دونوں عمل ساتھ ساتھ جاری رہیں گے، تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہی کریں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دو سال بعد جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں کی متفقہ رائے ہے کہ مذاکرات کی راہ اپنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہماری بات کا جواب نہ دیا گیا تو پھر ہمارے پاس احتجاج کا آپشن ہی باقی رہ جاتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ہمیشہ چاہتے تھے کہ مذاکرات مقتدر حلقوں کے ساتھ ہوں لیکن اگر ان کا مؤقف یہ ہے کہ سیاست سیاسی جماعتوں کا کام ہے، تو پھر ہمیں سیاستدانوں سے ہی بات کرنی ہو گی۔ کس حکومتی شخصیت سے بات چیت کی جائے گی؟ اس کا نام وقت آنے پر بتاؤں گا۔

سینئر پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ رہنمائی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان تک ہماری رسائی ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو بھی ہم سے جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ قانونی و سیاسی مشاورت ممکن ہو سکے۔

Similar Posts