کراچی میں کلفٹن کے علاقے میں اعلیٰ پولیس افسر کے بیٹے کے نام پر رجسٹرڈ کار کی ڈرفٹنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، گاڑی ٹریفک قوانین کی دھجیاں اُڑاتی رہی جس کے باعث آس پاس موجود دیگر گاڑیاں ٹکرانے سے بال بال بچ گئیں جبکہ ڈی آئی جی شوکت علی کٹھیان کاکہنا ہےکہ گاڑی بیٹے کی ہے جو مکینک کو دی تھی۔
ذرائع کے مطابق یہ گاڑی ڈی آئی جی پولیس شوکت علی کٹھیان کے بیٹے حنین شوکت کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی نہ صرف ڈرفٹنگ کر رہی ہے بلکہ اس پر غیر قانونی فینسی نمبر پلیٹ بھی لگی ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی سے متعلق تمام تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں اور گاڑی فی الحال حنین شوکت کے استعمال میں ہے۔
ڈی آئی جی شوکت علی کٹھیان نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ گاڑی ان کے بیٹے کی ہے، تاہم وہ کچھ روز قبل اسے مکینک کے حوالے کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ”ممکنہ طور پر ویڈیو میں کار کو مکینک چلا رہا ہے، تاہم میں خود بھی معاملے کی مزید معلومات حاصل کر رہا ہوں اور ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔“