ایک یا دو اشخاص اپنی تنخواہ اور الاؤنسز خود بڑھالیں اور ذمہ داری حکومت پر ڈال دیں، خواجہ آصف

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسپیکر، چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک یا دو اشخاص اپنی تنخواہ اور الاؤنسز خود بڑھالیں، بعد میں ذمہ داری حکومت پر ڈال دیں، یہ مالی فحاشی ہے، یہ قومی خزانے کے استحصال کی انتہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسپیکر، چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹیز کی تنخواہوں میں اضافے کو وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا۔

خواجہ آصف نے لکھا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس مالی فحاشی کا سلسلہ یکم جنوری 2025 سے شروع ہونا ہے، یہ قومی خزانے کے استحصال کی انتہا ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایک یا دو اشخاص اپنی ماہانہ تنخواہ اور الاؤنسز ایم این اے سے 4 گنا بڑھا لیں اور ذمہ داری حکومت پہ ڈال دیں، قومی اسمبلی کی قدرکا خیال نگہبان نہیں کریں تو کون کرے گا۔

دنیا کی تاریخ میں اتنی بڑی نسل کشی نہیں ہوئی، خواجہ آصف

دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل کے پیچھے امریکا اور یورپ کھڑا ہے، دنیا کی تاریخ میں اتنی بڑی نسل کشی نہیں ہوئی، کیا اسرائیل نے اپنے یرغمالی چھڑالیے ہیں؟ ہا تو یرغمالی جنگ جاری رکھنے کیلئے نہیں چھڑائے جارہے، ایران بار بار کہہ رہا ہے کہ ہم ایٹم نہیں بنانا چاہتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں اسرائیل اور امریکا نے کیا کرلیا، بھارت اور اسرائیل کی صلاحیت چیک ہوگئی ہے، ہم ایک ڈکلیئرڈ ایٹمی قوت ہیں، ہم نے بھارت کا کیا حال کیا ہے، انکے اپنے میڈیا سے پوچھیں، ان کی اسمبلیاں کہہ رہی ہیں کہ مودی نے مروا دیا۔

Similar Posts