ہمارے 26 لوگوں کی بحالی تک اسمبلی نہیں جائیں گے، ملک احمد بچھر

0 minutes, 0 seconds Read

ملک احمد بچھر نے کہا ہے کہ اسپیکر نااہلی کا ریفرنس دائر ہی کر سکتے، پارلیمانی لیڈر اسپیکر کو ریفرنس دے گا پھر اسپیکر آگے دے گا، ہم پر 10، 10 ایف آئی آرزہیں، ریفرنس سے نہیں ڈرتے۔ ہم نے چور کو چور کہا ہے، نعرے لگانے پر پوری اپوزیشن کو خالی کرنا پڑے گا۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بچھر نے کہا ہے کہ اسپیکر نااہلی کا ریفرنس دائر کر سکتا ہے، لیکن اس کا باقاعدہ پارلیمانی طریقہ کار موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ریفرنس سے اپوزیشن کو دبایا نہیں جا سکتا، ہم اس کا سیاسی و قانونی طور پر بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

آج نیوز کے پروگرام میں “ روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد بچھر نے واضح کیا کہ پارلیمانی لیڈر ریفرنس اسپیکر کو دیتا ہے اور اسپیکر اس کو آگے الیکشن کمیشن کو بھجواتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم پر تو ویسے ہی 10، 10 ایف آئی آرز ہیں، ہمیں ریفرنسز کا کوئی خوف نہیں۔ ہم نے صرف سچ بولا ہے اور چور کو چور کہا ہے۔

ملک احمد بچھر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر اسمبلی میں نعرے لگانا جرم ہے، تو پھر تو پوری اپوزیشن کو ایوان سے نکالنا پڑے گا۔ اپوزیشن لیڈر نے زور دے کر کہا کہ جب تک ہمارے 26 ارکان کو بحال نہیں کیا جاتا، اپوزیشن اسمبلی اجلاسوں میں شریک نہیں ہوگی۔

ملک احمد بچھر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مذاکرات کے خلاف نہیں، لیکن وہ مذاکرات اسی وقت کارگر ہو سکتے ہیں جب فریقین بااختیار ہوں۔ بے اختیار مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔

آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جو رہنما اس وقت اسیر ہیں، ان کی رائے کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ وہ تحریک کا اہم حصہ ہیں۔

Similar Posts