نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 6 سے 10 جولائی تک ملک بھر میں بارش، آندھی، طوفان اور متعدد مقامات پر سیلاب کا الرٹ جاری کردیا، بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد سمیت شمالی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد میں آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بھی آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یارخان اور ڈیرہ غازی خان میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم کے مطابق خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، چترال، کوہستان، شانگلہ، بونیر، بٹگرام، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، ہری پور، بنوں، کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، دیامر،گانچھے اور شگر میں شدید بارش کا امکان اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے مظفرآباد، وادی نیلم اور راولا کوٹ میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ حویلی اور باغ میں شدید بارش کا امکان ہے جبکہ ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے شہروں سکھر، نوابشاہ، کشمور، حیدرآباد، کراچی، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، جامشورو، ٹنڈواللہ یار، ٹھٹہ، بدین اور مٹھی میں بارش کا امکان ہے جبکہ گھوٹکی، خیرپور، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، خضدار، آواران، بارکھان، جعفرآباد، کوہلو، سبی، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، لسبیلہ اور نصیرآباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے جبکہ شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ، بجلی کی بندش اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی۔
پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 5 جولائی سے شروع ہوگا، الرٹ جاری
دوسری جانب پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 5 جولائی سے شروع ہو گا جبکہ 5 سے 10 جولائی کے دوران پنجاب صوبے بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو بارشوں بارے الرٹ جاری کر دیا، جس کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانولہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشیں متوقع ہے۔
لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ چنیوٹ اور فیصل آباد میں بھی بارشیں ہوں گی جبکہ اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 سے 8 جولائی کے دوران بہاولپور، بہاؤلنگر، ڈی جی خان، ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال، لودھراں، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ 7 جولائی سے صوبے کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو گا جبکہ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔