علی امین گنڈاپور نے اپنی ہی پارٹی پر بجٹ سے متعلق پروپیگنڈا کا الزم لگا دیا۔ انھوں نے کہا کہ پہلے کہتے تھے بجٹ پیش نا کرو، پھر پاس نہ کرنے کا شور کیا، پیٹرن انچیف نے بجٹ منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا، بجٹ منظوری میں ہمارے 2 ارکان نے ووٹ نہیں دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سینئر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں اپنی ہی پارٹی کے بعض ارکان پر بجٹ کے حوالے سے پروپیگنڈا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے کہا گیا بجٹ پیش نہ کرو، پھر کہا گیا پاس نہ کرو، لیکن الحمدللہ بجٹ منظور ہوا اور پارٹی کے پیٹرن انچیف نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ بجٹ منظوری میں پارٹی کے دو ارکان نے ووٹ نہیں دیا۔ ان کے مطابق سب جانتے ہیں وہ کس کے بندے ہیں، لیکن اس معاملے پر فی الحال خاموشی بہتر ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے جلد مشاورت کی جائے گی اور نئے ارکان کے حلف اٹھانے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں ہمارے تمام ارکان آزاد ہیں اور کسی پر کوئی زبردستی نہیں کی جا رہی۔
سانحہ سوات سے متعلق ایک بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ میں ان کا ہوٹل نہیں گراؤں گا، جتنا حصہ تجاوزات میں ہے، اتنا ہی گِرے گا۔
علی امین گنڈا پور نے صحافیوں کو بتایا کہ پارٹی اندرونی معاملات پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور عوامی خدمت کے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔