سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے پانچ جولائی کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز ایک غیر آئینی اقدام کے ذریعے ملک کی پہلی منتخب عوامی حکومت کو برطرف کیا گیا۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پانچ جولائی 1977 کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں قائم جمہوری حکومت پر شب خون مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت برقرار رہتی تو آج پاکستان ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور مضبوط ملک ہوتا۔
شرجیل میمن نے ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی، مزدوروں اور کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے انقلابی اصلاحات کیں اور پاکستان کو اسلامی دنیا کے اتحاد کی علامت بنایا۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کے خلاف ہونے والی سازش دراصل ایک عالمی سازش تھی، جس کا مقصد پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنا اور اس کے ترقی کے راستے بند کرنا تھا۔
سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی علمبردار ہے اور جمہوریت، عوامی حقوق اور ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔