صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغامات میں حضرت امام حسین رضی اللہُ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اسے پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ قرار دیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور ہمیں قربانی، حق گوئی اور عزم صمیم کا پیغام دیتا ہے۔ یہ دن حضرت امام حسین اور ان کے رفقا کی عظیم شہادت کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے باطل کے خلاف ابدی جدوجہد کی علامت قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا صبر، وفا اور قربانی کی ایسی بے مثال داستان ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کو راستہ دکھاتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کربلا ہر دور کے اندھیروں میں حق کا راستہ دکھانے والا روشن چراغ ہے۔
ملک بھر میں یومِ عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، سیکیورٹی ہائی الرٹ، موبائل سروس جزوی معطل
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں یوم عاشور کو تاریخ اسلام کا ایک عظیم اور سبق آموز دن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے وفادار رفقا نے دین اسلام کی سربلندی اور اصولوں کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ امام حسین کی قربانی ہمیں صبر، استقامت اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کا درس دیتی ہے، اور یہ تاقیامت انسانیت کے لیے ایک مشعلِ راہ بنی رہے گی۔
آگ پر ماتم، شبیہ روضہ اور ذوالجناح — یومِ عاشور کی منفرد روایات
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہماری قوم کو بے شمار چیلنجز درپیش ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے حضرت امام حسین کی سیرت اور تعلیمات سے رہنمائی لینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کی جدوجہد اتحاد، استقامت اور حق کے ساتھ وابستگی کی اعلیٰ مثال ہے، اور ان کی قربانی پوری امتِ مسلمہ کا قیمتی سرمایہ ہے۔