سکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے لیاری سانحے پر توجہ مرکوز نہ کرسکے، کل اجلاس بلائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کے علاقے لیاری میں عمارت گرنے کے المناک واقعے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے اس سانحے پر فوری توجہ مرکوز نہ کی جا سکی، تاہم تمام متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف کے عمل میں مصروف ہیں۔

اتوار کو میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ عمارت گرنے کے واقعے میں اب تک 26 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں، جبکہ ریسکیو کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری پہلی کوشش یہی تھی کہ ملبے تلے دبے افراد کو زندہ نکالا جائے، اور اس مقصد کے لیے ریسکیو ٹیمیں پوری رات سرگرم رہیں۔

وزیر اعلیٰ نے انکشاف کیا کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں 480 سے زائد عمارتیں مخدوش قرار دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مکینوں کو متبادل فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ کل ایک اور عمارت کو رات کے وقت خالی کرایا گیا تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ عمارت گرنے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور جو افراد غیر قانونی تعمیرات میں ملوث پائے گئے، انہیں سزا دی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کل انشاء اللہ عمارتوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں خطرناک عمارتوں سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

کراچی: لیاری میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں برآمد، اموات 27 ہوگئیں

محرم الحرام کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امن و امان اور شہریوں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم کے جلوسوں کے روٹس پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ ہیں۔

مراد علی شاہ کے مطابق، کراچی میں محرم کے جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے، تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 50 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ محرم کے مہینے کو احترام، صبر اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزاریں اور امن کا پیغام عام کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے علمائے کرام سے ملاقات میں امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر زور دیا اور کہا کہ سندھ حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ محرم الحرام پر امن طریقے سے گزرے۔

Similar Posts