سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جاری ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نو تمغے اپنے نام کر لیے، جن میں ایک طلائی، ایک چاندی اور سات کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
پاکستان کے کم عمر لیکن باصلاحیت کراٹے کھلاڑی حذیفہ ارشد نے انڈر 10 کیٹیگری میں انفرادی کاتا میں شاندار پرفارمنس دکھاتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا۔ اس فتح کے بعد نہ صرف کوچنگ اسٹاف بلکہ قومی سطح پر بھی ان کی تعریف کی جا رہی ہے۔
اسی چیمپئن شپ میں ایک دن قبل پاکستان کی ابھرتی ہوئی خاتون کھلاڑی اریشہ ندیم نے انڈر 21 میں 50 کلوگرام سے کم وزن کیٹیگری میں سلور میڈل حاصل کیا، جو خواتین کراٹے کے میدان میں پاکستان کے لیے ایک حوصلہ افزا علامت ہے۔
اس بین الاقوامی ایونٹ میں جنوبی ایشیا کے چھ ممالک، پاکستان، بھارت، سری لنکا، نیپال، بنگلہ دیش اور بھوٹان کے سینکڑوں کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔
ٹیم پاکستان نے مجموعی طور پر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ بھارت 59 تمغوں (23 گولڈ) کے ساتھ اول رہا، نیپال 50 تمغوں (21 گولڈ) کے ساتھ دوسرے، جبکہ میزبان سری لنکا 59 تمغوں (16 گولڈ) کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ بنگلہ دیش نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئرمین نے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مستقبل کی امید قرار دیا اور کہا کہ ’اگر انہیں مسلسل تربیت، بین الاقوامی ایکسپوژر اور سرکاری سرپرستی حاصل رہی تو پاکستانی کھلاڑی دنیا کے ہر کراٹے ایونٹ میں سبز ہلالی پرچم بلند کریں گے۔‘
ذرائع کے مطابق، پاکستان کی کراٹے ٹیم کی واپسی آئندہ ہفتے متوقع ہے، جہاں ان کا استقبال متوقع طور پر قومی سطح پر کیا جائے گا۔