پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے آئندہ ماہ دورہ آئرلینڈ کی تیاریوں کیلئے اسکلز اور فٹنس کیمپ 8 جولائی سے کراچی میں شروع ہو رہا ہے، جس میں ملک بھر سے منتخب 24 قومی خواتین کرکٹرز شرکت کریں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کیمپ 2 اگست تک جاری رہے گا اور اس کا انعقاد حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر اور اوول گراؤنڈ کراچی میں کیا جائے گا۔ کیمپ کیلئے تمام کھلاڑیوں کو آج کراچی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کیمپ کے اختتام پر سلیکشن کمیٹی 15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کرے گی جو 28 جولائی سے شروع ہونے والے تربیتی (پری ٹور) کیمپ میں شرکت کرے گا۔ منتخب ٹیم 3 اگست کو آئرلینڈ روانہ ہوگی جہاں پاکستان اور آئرلینڈ ویمنز ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
تینوں میچز آئرلینڈ کے شہر کلون ٹرف میں شیڈول ہیں، جو دونوں ٹیموں کی عالمی درجہ بندی کیلئے اہم ہوں گے۔ پی سی بی حکام کے مطابق کیمپ میں کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارت کے ساتھ ساتھ فٹنس پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ کھلاڑی سخت یورپی کنڈیشنز میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔