بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے جبکہ طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے مختلف اضلاع میں 22 مکانات کو نقصان پہنچا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پی ڈی ایم اے بلوچستان نے حالیہ مون سون بارشوں سے جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں خواتین بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے مختلف اضلاع میں 22 مکانات کو نقصان پہنچا، ضلع واشک میں سیلابی صورتحال سے 5 مکانات مکمل منہدم ہوئے، واشک میں فلیش فلڈنگ سے مکانات اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچا۔
لورالائی میں طوفانی ہواؤں سے متعدد سولر پینلز کو نقصان پہنچا، سوراب میں بھی شدید بارش اور طوفانی ہواؤں سے گھروں اور سولرپینلز کو نقصان ہوا۔
موسیٰ خیل میں آسمانی بجلی گرنے سےایک شخص جاں بحق ہوا، پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں مزید نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے جاری ہے، پی ڈی ایم اے کی صوبے کے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے سروے کا عمل اور ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اگلے 12 گھنٹوں میں بلوچستان کے متعدد اضلاع میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع ژوب، قلات، خضدار، آواران، زیاررت، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، واشک، سوراب، خاران ، لسبیلہ اور کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا خدشہ ہے، جس کی بنا پر ان علاقوں میں الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان علاقوں کے ندی نالوں میں سیلابی ریلے اور طغیانی آنے کا خطرہ لاحق ہے۔