پانچ ہزار سے زائد ڈالر بیرون ملک لے جانے والے مسافروں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

0 minutes, 0 seconds Read

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کے دورے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد اہم اور فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔ اجلاس میں حوالہ ہنڈی، بھکاری مافیا، جعلی ادویات، نان کسٹم اشیاء اور بیرون ملک پانچ ہزار ڈالر سے زائد لے جانے والے مسافروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے ہدایت دی کہ حوالہ ہنڈی مافیا کے خلاف موثر اور نتیجہ خیز کریک ڈاؤن کیا جائے اور اس نیٹ ورک میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی یا بااثر شخصیت کے دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے، مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

وزیر داخلہ نے پاکستان کا امیج خراب کرنے والے بیرون ملک بھکاری بھجوانے والے ایجنٹوں کے خلاف بھی سخت ایکشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر نشان عبرت بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفرور ایجنٹس کو دیگر صوبوں کے تعاون سے گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف واضح اور مؤثر کارروائی نظر آنی چاہیے۔

محسن نقوی نے جعلی ادویات کے مکروہ کاروبار کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس دھندے میں ملوث افراد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی دوائیں بیچنے والوں کی اصل جگہ جیل ہے، ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

نان کسٹم اشیاء کی اسمگلنگ پر بھی وزیر داخلہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو بھرپور کارروائی کی ہدایت دی اور کہا کہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی رعایت کے بغیر پکڑا جائے۔

اجلاس میں محسن نقوی نے 5 ہزار ڈالر سے زائد رقم بیرون ملک لے جانے والے مسافروں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا اور ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ ایسے تمام کیسز میں قانون کے مطابق فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔

اس موقع پر ایف آئی اے کراچی زون کے ڈائریکٹر نعمان صدیق نے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی، جس میں جاری کارروائیوں، درپیش چیلنجز اور آئندہ کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ کا حالیہ دورہ ایک واضح پیغام دیتا ہے کہ ریاست اب منظم جرائم، مالی بدعنوانی اور پاکستان کے وقار کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف پوری سنجیدگی کے ساتھ ایکشن میں آ چکی ہے۔

Similar Posts