پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ 10 محرم الحرام گزر گیا، احتجاج سے متعلق عمران خان نے لائحہ عمل دے دیا ہے، اب پارٹی لائحہ عمل دے گی، ہماری فیملی کو احتجاج کا پلان پتہ ہے، میڈیا کو اس وقت بتائیں گے جب وقت آئے گا، بھروسہ رکھیں بہتر ہوگا، رول آف لا اور جمہوریت کے لیے نکلنا ہے اور 26 ویں ترمیم کے خلاف نکلنا ہے، عمران خان جیل سے احتجاج لیڈ کریں گے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی بہنوں کی ملاقات ہوئی، جس کے بعد علیمہ خان نے نورین خان اور عظمیٰ خان کے ہمراہ گورکھ پور ناکے پر میڈیا سے گفتگو کی۔
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ 10 محرم گزر گیا اب پارٹی لائحہ عمل دے گی، عمران خان نے تو لائحہ عمل دے دیا، عمران خان کی فیملی سے ملاقات کی تھی تو انہوں نے پلان دے دیا تھا، پارٹی والے میڈیا کے کہنے پر تو پلان نہیں بتا سکتے۔
علیمہ خان نے کہا کہ پتہ نہیں پشاور سے چلیں گے، لاہور تک جائیں گے یہ تو پلان پارٹی بتائے گی، ہماری فیملی کو احتجاج کا پلان پتہ ہے، میڈیا کو اس وقت بتائیں گے جب وقت آئے گا، بھروسہ رکھیں بہتر ہوگا، جب تحریک کا اعلان ہوتا ہے تو ایسی باتیں ہوتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو تو گھر والے نہیں پوچھتے تو عمران خان سے مل کر کیا کریں گے، یہ مریم نواز کے شوق پورے کرنے کے لیے ہمیں روکا جاتا ہے، انہوں نے 26 ممبران کو معطل کردیا اس لیے مریم نواز کو خوش کرسکیں، مریم نواز کی ہر خواہش پوری کی جاتی ہے، ہم مریم نواز کے بس میں نہیں ہیں۔
عمران خان جیل سے احتجاج لیڈ کریں گے، عمران خان نے کہا ہے وہ جیل میں آزاد ہیں اور ہم لوگ جو باہر ہیں وہ قید ہیں، آپ لوگوں نے اپنے لیے نکلنا ہے، رول آف لاء اور جمہوریت کے لیے نکلنا ہے، 26 ویں ترمیم کے خلاف نکلنا ہے۔
عمران خان سے مل کر خوشی ہوتی ہے وہ ٹھیک ہیں، نورین خان
عمران خان کی بہن نورین خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ عمران خان سے ملاقات ہوگئی، بانی پی ٹی آئی خیریت سے ہیں، عمران خان کے ساتھ وہ کچھ ہورہا ہے، جو کسی قیدی کے ساتھ نہیں ہوتا۔
نورین خان نے بتایا کہ ٹی وی اخبار ایک ہفتے سے بند کیا ہوا ہے، عمران خان کے پاس پڑھنے لکھنے کے پاس کچھ نہیں، عمران خان سے مل کر خوشی ہوتی ہے وہ ٹھیک ہیں۔
عمران خان سے 2 بہنوں کی ملاقات، علیمہ خان کو اجازت نہ مل سکی
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے فیملی اور وکلا کی ملاقات کا دن ہے، بانی پی ٹی آئی سے 2 بہنوں کی ملاقات ہوئی، جن میں عظمیٰ خان اور نورین خان نے ملاقات کی جبکہ علیمہ خان کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی جبکہ ان کے ساتھ عمران خان سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، بیرسٹر سلمان صفدر اور ظہیر عباس نے بھی ملاقات کی۔
بشریٰ بی بی سے ان کی بھابھی مہر النسا نے ملاقات کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی فیملی ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگئی۔
آج اڈیالہ جیل ملاقات کے روز گورگھ پور کے مقام پر کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، اس موقع پر پی ٹی آئی کی قیادت میں سلمان کھرل وکیل خالد یوسف چوہدری، نعیم حیدر پنچوتھہ، تابش فاروق اور سینیٹر فیصل چوہدری بھی موجود تھے۔
عمران خان کے کزن قاسم خان بھی اڈیالہ جیل پہنچے مگر ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، اس موقع پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔