وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب ترقی کی راہ پرگامزن ہے۔ بارہ ہزار کلومیٹر سڑکیں بنا دیں۔ ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے۔ مریم نواز نے یوم عاشورہ پرسیکیورٹی کے بہترین انتظام کرنے پر تمام متعلقہ افسران کو شاباش دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا ریکارڈ مدت میں آغاز اور تکمیل پنجاب حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک 12 ہزار کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جا چکی ہیں، جس سے عوام کو آمد و رفت میں نمایاں سہولت ملی ہے۔
راولپنڈی میں انڈرپاس منصوبے کو مثال بناتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا اور اس کے ذریعے سڑک کو مکمل طور پر سگنل فری بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن کے تمام اسکولوں کو ری ویمپ کیا جا رہا ہے تاکہ تعلیمی معیار مزید بہتر بنایا جا سکے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 50 ارب روپے کی لاگت سے صاف پانی کی فراہمی کا بڑا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت جنوبی پنجاب سمیت تمام اضلاع میں صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں چھوٹے ڈیمز بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ صاف پانی کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نالہ لئی کی بہتری کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں نالہ لئی کو بھی ری ویمپ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران مسائل سے نجات ملے۔
یوم عاشورہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی انتظامات کو ”مثالی“ قرار دیا اور کہا کہ تمام متعلقہ افسران نے ذمہ داری سے فرائض انجام دیے۔ انہوں نے تمام سیکیورٹی اداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ہر محاذ پر عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔
وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں میں شامل تمام محکموں اور افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”یہ ٹیم ورک ہی ہے جس نے ریکارڈ مدت میں ترقیاتی منصوبوں کو ممکن بنایا۔“