نام نہاد غیرت کے نام پر سوات کی عدالت میں بیٹے نے ماں کو قتل کر دیا۔ مقتولہ دارالامان سے عدالت آئی تو بیٹے نے عدالت کے اندر فائرنگ کردی، واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ادھر حب میں بھی ملزمان نے نوجوان لڑکی اور لڑکے کو قتل کردیا۔
سوات کے علاقہ کبل جوڈیشل کمپلیکس کے اندر بیٹے نے غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے اپنی ماں کو قتل کر دیا۔
مقتولہ ننگولی کی رہائشی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزم بیٹے کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کئی ماہ سے دارلاامان میں مقیم تھی، آج عدالت پیشی کیلئے آئی تھی کے ملزم بیٹے نے انتظار گاہ میں سخت سیکیورٹی کے باوجود فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے حب میں بھی قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی۔ بلوچ کالونی میں فائرنگ کر کے نوجوان لڑکے اور لڑکی کو قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین کو ناجائز تعلقات کے شبے میں لڑکی کے ورثا نے دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ پولیس نے ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔