بلوچستان اپیکس کمیٹی کا اسمگلنگ کیخلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں سیکیورٹی، اسمگلنگ، اور عوامی مفاد سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، بلوچستان اپیکس کمیٹی نے اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کرلیا، اپیکس کمیٹی نےغیر قانونی ترسیلات زر میں ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی اے کو مؤثر کارروائی کی ہدایت کردی جبکہ ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا 19 واں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، اسمگلنگ، غیر قانونی ترسیلات زر، اور دیگر اہم عوامی مفاد کے امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اپیکس کمیٹی نے اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اسمگلنگ میں ملوث ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ ملوث ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آرز درج ہوں گی۔

اجلاس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے رولز کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ احتجاج کے نام پر بلوچستان کی کوئی بھی شاہراہ بند نہیں ہونے دی جائے گی۔

اپیکس کمیٹی نے ایف آئی اے کو غیر قانونی ترسیلات زر اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایت کی۔

اجلاس میں سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن، بھتہ خوری، اور غیر قانونی ترسیلات زر کو ہر صورت روکا جائے گا، نوجوانوں کو سب ورژن اور منشیات سے بچانا ناگزیر ہوچکا ہے، اور ریاست کسی کو اپنے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

اجلاس میں بولان روٹ کی توسیع، ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس، اور ویسٹرن بائی پاس کوئٹہ کی تکمیل سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اپیکس کمیٹی نے این ایچ اے کو ہدایت دی کہ ویسٹرن بائی پاس منصوبہ 25 دسمبر تک مکمل کیا جائے جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل ایچ ایس پیٹرولیم مصنوعات کے ٹینکرز کو شہری علاقوں میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ پٹ فیڈر کینال منصوبے کو ایف سی سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ اگر وفاقی ادارے سڑکوں کی تعمیر میں تاخیر کریں گے تو صوبائی حکومت خود یہ منصوبے مکمل کرے گی تاکہ عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

آخر میں اپیکس کمیٹی نے 78ویں یوم آزادی اور ”مارکۂ حق“ کو جوش و جذبے سے منانے کا بھی اعلان کیا۔

Similar Posts