اگر سب کچھ فوج نے کرنا ہے تو سول حکومت کی رٹ کہاں ہے؟ فیصل کریم کنڈی

0 minutes, 0 seconds Read

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائیٹ ود عامر ضیا میں گفتگو کرتے ہوئے سابق فاٹا میں سول انتظامیہ کی عدم موجودگی، امن و امان کی صورتحال، اور ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی مایوسی پر تفصیل سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر سب کچھ فوج نے ہی کرنا ہے تو سول حکومت کی رٹ کہاں ہے؟

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائیٹ ود عامر ضیا“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق فاٹا میں جرگے سے متعلق حکومتی کمیٹی کا کسی نے بائیکاٹ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق فاٹا کے علاقوں میں اب تک نہ تھانے بنے ہیں، نہ ہی معاملات میں کوئی بہتری آئی ہے، اور وہاں سول انتظامیہ کی عمل داری نہ ہونے کے برابر ہے۔

گورنر خیبرپختون خوا فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ وہاں کے لوگوں کو انصاف کے لیے آج بھی ڈیرہ اسماعیل خان آنا پڑتا ہے، جو کہ افسوسناک ہے۔

آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ امن و امان کے مسائل پر توجہ دے اور یہ سوال بھی اٹھایا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملنے والے فنڈز کہاں گئے؟

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ضم شدہ اضلاع میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے اور نوجوانوں میں مایوسی اور نفرت بڑھ رہی ہے۔ انھوں نے یہ اہم نکتہ بھی اٹھایا کہ اگر تمام کام فوج نے ہی کرنا ہے تو پھر سول حکومت کی رٹ کہاں ہے؟

Similar Posts