کراچی ایئرپورٹ پر پاکستان کسٹمز نے غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران کیمرون کے شہری سے جوتوں اور سامان میں چھپائے گئے 72 ہزار 700 امریکی ڈالر برآمد کیے گئے، واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ پر پاکستان کسٹمز نے غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 72 ہزار 700 امریکی ڈالر برآمد کرلیے۔ کارروائی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر ہال میں اسسٹنٹ کلیکٹر شرجیل وسّان کی نگرانی میں کی گئی۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق کیمرون کا شہری ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے روانہ ہو رہا تھا، جسے شفٹ انچارج پریوینٹیو آفیسر ثاقب نے مشکوک پایا۔
مسافر کی تلاشی لینے پر اس کے جوتوں اور دیگر سامان میں بڑی مقدار میں امریکی ڈالر چھپائے گئے تھے۔ ترجمان کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کسٹمز حکام نے کارروائی کو غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔